کولکاتہ 25نومبر ( ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جان بوجھ کر ریاست میں صنعتی سرمایہ کاری کو آنے سے روک رہی ہے۔ بنرجی نے ایک کانکلیو میں کہا کہ آپ (مرکزی حکومت) صنعت کاروں کو بنگال میں نہ جانے، سرمایہ کاری نہ کرنے کا اشارہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایسا کرنا جمہوری نظام میں جرم نہیں ہے؟ کیوں مرکزی حکومت صنعت کاروں کو مغربی بنگال جانے سے روک رہی ہے ۔ ریاست میں منصوبوں کے زیر التوا ہونے پر سوال کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ اکثر میڈیا ہاؤس سمیت ہر صنعت کار مرکزی حکومت کی نگرانی میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ پارٹی کے لیڈروں کو بھی نریندر مودی پر اپنی رائے دینے کی کوئی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں کچھ کہتی ہوں تو ان کے وزیر مجھے فون کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ آپ کیوں نریندر مودی کے خلاف بول رہے ہیں؟میرا جواب ہوتا ہے کہ یہ میرا سیاسی حق ہے ۔ یہ صورتحال ہے کہ کوئی بھی شخص مودی کے خلاف لب کشائی نہیں کر سکتا ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس صورت حال میں ہم کہاں جائیں گے؟۔ گویا یہ واضح ہے کہ جمہوریت خطر ہ میں ہے، اور آمریت کا عروج ہور ہا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کے شمال مشرقی اور مشرقی حصوں کو ابتدا سے ہی نظر انداز کیاجا چکا ہے ۔